
پاکستان نےملکی وسائل سے تیار
کردہ جدید ترین کروز میزائل بابر کا کامیاب تجربہ کر لیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری
بیان کے مطابق کروز میزائل "بابر" 700 کلومیٹر تک سمندر اور زمین پر
کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بابر کروز میزائل میں جدید ترین نیوی
گیشن نظام نصب ہے جو اسٹیلتھ خصوصیات کا حامل اور مختلف اقسام کے دھماکا خیز مواد
لے جانے کی صلاحیت رکھتاہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مطابق ڈی جی اسٹریٹیجک پلان
ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور سینیئر سائنسدانوں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے
سربراہان نے اس کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، نیسکام اور این ڈی سی کے انجنیئرز کو
مبارکباد دی ہے۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی
میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجنیئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 29 مارچ کو بھی سب میرین لانچڈ کروز میزائل
(ایس ایل سی ایم) "بابر" کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا جو 450 کلو میٹر
تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کروز میزائل بابر کو زیر آب
ڈائینیمک پلیٹ فارم سے فائر کیا گیا تھا جس نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا
اور میزائل پرواز کے ہر معیار پر پورا اترا تھا۔
